بھٹکل 9 مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے زیر اہتمام مورخہ 12، 13 اور 14 مارچ کو عوز بی ایم وائی ایف پرو کبڈی ٹورنامنٹ سیسن ٹو۔ منعقد کیا گیا ہے جو بھٹکل تعلقہ اسٹڈیم المعروف وائی ایم ایس اے میدان میں کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کے تمام میچس ساحل آن لائن پر لائیو ٹیلی کاسٹ کئے جائیں گے، جس کے لئے کبڈی شائقین کے لئے ضروری ہے کہ وہ ساحل آن لائن یو ٹیوب چینل http://youtube.com/sahilonline کو پہلی فرصت میں سبسکرائب کریں.
اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیڈریشن کے صدرعزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے بتایا کہ ضلعی سطح کے اس ٹورنامنٹ میں 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اور اس فلڈ لائٹ ٹورنامنٹ کی شروعات 12 مارچ کو شام 5 بجے ہوگی۔ کسی طرح کی افتتاحی تقریب کئے بغیر قران خوانی کے بعد ڈائرکٹ میچس کھیلے جائیں گے جبکہ رات قریب دس بجے افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی۔ ٹورنامنٹ کی فائنل تقریب 14 مارچ کو رات دس بجے ہوگی۔
تین روزہ ٹورنامنٹ میں 33 میچس کھیلے جائیں گے جس کے لئے وائی ایم ایس اے میدان میں کبڈی کے دو کورٹ بنائے گئے ہیں۔ بیک وقت دو دو میچس کھیلے جائیں گے اور دونوں میچس ساحل آن لائن کے یو ٹیوب چینل پر ایک ساتھ دو الگ الگ یو ٹیوب اڈرس پر لائیوں ہوں گے۔
ٹورنامنٹ میں بھٹکل سمیت ضلع بھر کے بہترین اور با صلاحیت کھلاڑی اپنے اپنے کھیلوں کا مظاہرہ پیش کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ تقریباً ہر ٹیم میں ایک یا دو کھلاڑی بھٹکل تعلقہ کے باہرکے (یعنی ضلع کے ٹاپ) کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔
پریس کانفرنس میں عزیز الرحمن ندوی نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں جن بارہ ٹیموں کو شامل کیا گیا ہے اُس کے لئے کھلاڑیوں کا اوکشن ہوچکا ہے جس میں فیڈریشن کے قریب سو، ضلع اُترکنڑا کے چالیس اور بھٹکل کے مگر نان فیڈریشن ٹیموں کے تقریباً 70 کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ میں جن بارہ ٹیموں کو موقع دیا گیا ہے، اُنہیں دو گروپوں میں بانٹا گیا ہے۔ ہر ٹیم کو پانچ پانچ میچس کھیلنے ہوں گے۔ اور زائد پوائنٹس کی بنیاد پر ٹیمیں سیمی فائنل اور فائنل تک رسائی حاصل کرسکیں گی۔
ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو اول انعام 75 ہزار روپیہ، رنرز آپ کے لئے 40 ہزار روپیہ جبکہ تیسرا اور چوتھا مقام پانے والی ٹیم کو دس دس ہزار روپیہ نقد انعام مع ٹرافی دی جائے گی۔
بیسٹ آل رانڈر کھلاڑی کو دس ہزار روپیہ نقد اور بیسٹ رائیڈر اور بیسٹ کیچر کو پانچ پانچ ہزار روپیہ نقد انعام سے نوازا جائے گا۔
عزیزالرحمن صاحب نے بتایا کہ اسکول اور کالج یا پڑھائی کے دن کے اوقات میں کوئی میچس نہیں کھیلے جائیں گے بلکہ تعلیمی اوقات سے فارغ ہونے کے بعد یعنی شام پانچ بجے سے میچس اسٹارٹ ہوں گے۔ مغرب کی اذان سے کچھ دیر پہلے اُس دن کا پہلا سیشن ختم کیا جائے گا۔ مغرب کی نمازسے عشا تک شبینہ مکتب کے کلاسس کے لئے بچے متاثر نہ ہوں، اس کا خیال رکھتے ہوئے مغرب سے عشا تک میچس نہیں ہوں گے بلکہ عشاء کی نماز کے بعد دوسرا سیشن شروع ہوگا۔ اور فیڈریشن دستور کے تحت بارہ بجنے سے پہلے میچس اختتام کو پہنچیں گے۔
چونکہ 12 ٹیموں میں صرف چنندہ اور سب سے ٹاپ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے، توقع کی جارہی ہے کہ میچس بے حد ٹکر کے اور دلچسپ ہوں گے۔
پریس کانفرنس میں فیڈریشن کے نائب صدور اسماعیل انجم گنگاولی ندوی اور ساجد مصباح سمیت اسپورٹس سکریٹری محمد طلحہ بھی موجود تھے۔
ٹورنامنٹ کے تعلق سے مزید جانکاری کے لئے پریس کانفرنس کی مکمل وڈیو ریکارڈنگ دیکھ سکتے ہیں: